"پاکستان میری پہچان" ۔۔۔"چاچا کرکٹ" امریکہ پہنچ گئے، مختلف تقریبات میں شرکت

"پاکستان میری پہچان" ۔۔۔"چاچا کرکٹ" امریکہ پہنچ گئے، مختلف تقریبات میں شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک (طاہر محمود چوہدری سے)کرکٹ کے حوالے سے پاکستان کی مقبول  شخصیت چوہدری عبدالجلیل عرف "چاچا کرکٹ" آج کل امریکہ آئے ہوئے ہیں، جہاں وہ یوم آزادی کے حوالے سے ہونے والی مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں. 14 اگست کو انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان سفارتخانے میں ہونے والی جشنِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی. پاکستانی پرچم کی مناسب سے ہرےاور  سفید رنگ کی شلوار قمیص پہنے چاچا کرکٹ شرکاء تقریب کی نگاہوں کا مرکز بنے رہے. اور لوگ ان کے ساتھ تصاویر بھی بنواتے رہے. اس موقع پر سفیر پاکستان مسعود خان اور دیگر سٹاف نے اُنہیں خوش آمدید کہا. 

قبل ازیں اپنی نیویارک آمد کے بعد وہ اپنا مخصوص لباس پہنے جس پر "پاکستان میری پہچان" لکھا ہوا تھا، وہ نیویارک کے مختلف سیاحتی مقامات پر بھی گئے. انہوں نے نیویارک کے معروف بروکلین بریج کے اوپر  تصاویر بھی بنوائیں. پاکستانی انہیں دیکھ کر ان کے ساتھ سلیفیاں بناتے رہے. عبدالجلیل 16 اگست کو کونی آئی لینڈ ایونیو بروکلین، نیویارک میں یوم آزادی کے سلسلے میں ہونے والے بروکلین میلہ میں شرکت کریں گے.

1949ء میں سیالکوٹ، پاکستان میں پیدا ہونے والے عبدالجلیل پوری دنیا میں" چاچا کرکٹ" کے نام سے پہچانے جاتے ہیں. سفید داڑھی والے 73 سالہ عبد الجلیل ہر میچ کے دوران ہرے رنگ کی شلوار قمیص  پہنے تماشائیوں میں اچھلتے کودتے اور نعرے لگاتے نظر آتے ہیں.