دوسرا ون ڈے ،پاکستان اے کرکٹ ٹیم نے کینیا کو 155رنز سے ہرا دیا

دوسرا ون ڈے ،پاکستان اے کرکٹ ٹیم نے کینیا کو 155رنز سے ہرا دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                        لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اے نے دوسرے ون ڈے میچ میں کینیا کو 155 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ گرین شرٹس نے شرجیل خان کی 138 رنز کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت کینیا کو جیت کےلئے 315 رنز کا ہدف دیا۔ بابر اعظم اور فواد عالم نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ مہمان ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 41.3 اوورز میں 159 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ ایلجھا اوٹینو 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شاہ زیب احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شرجیل خان کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان اے کے کپتان فواد عالم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین شرٹس نے شرجیل خان کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت مقررہ 45 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے، اوپنر نے 9 فلک شگاف چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 138 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں بابر اعظم (ناٹ آﺅٹ) 64 اور کپتان فواد عالم 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کینیا کی طرف سے لوکس اولوچ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ کینیا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 41.3 اوورز میں 159 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی۔ ایلجھا اوٹینو 39 ، ایلیکس اوبانڈا 36 اور مورس اوما 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان اے کی جانب سے شاہ زیب احمد نے تین، محمد طلحہ اور فواد عالم نے دو، دو جبکہ عمران خان، رضا حسن اور بابر اعظم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شرجیل خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔