شارپ کے پس یونٹ بدمعاشوں کو قانون کی گرفت میں لا کر ہی دم لے گا ‘ امین وینس

شارپ کے پس یونٹ بدمعاشوں کو قانون کی گرفت میں لا کر ہی دم لے گا ‘ امین وینس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کرائم سیل)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ تھانے میں مسائل کے حل کے لئے آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے اور شہر کے100بدنام زمانہ بدمعاشوں کی گرفتاری کے لئے ایڈمن افسروں اور شارپ کوپس کے پراجیکٹ شروع کیے گئے ہیں جس کے حوصلہ افزا اور مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ تھانہ لچر میں تبدیلی کا عمل شروع ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ شارپ کوپس نے پہلے ہی ہفتے میں اغوا برائے تاوان ، ڈکیتی قتل ، اقدام قتل اور دہشت گردی کے سنگین مقدمات میں ملوث 4 خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ شارپ کوپس ان بدمعاشوں کو قانون کی گرفت میں لا کر ہی دم لیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایڈمن افسروں ،شارپ کوپس اور موبائل ٹریکنگ یونٹس کی کاکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم ، چیف ایڈمن افسر محمد عمر ورک اور ایس پی سی آر او عمر ریاض چیمہ بھی موجود تھے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے سی سی پی او کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شارپ کوپس نے پہلے ہفتے میں ہی اغوا برائے تاوان، ڈکیتی قتل، ڈکیتی اور اقدام قتل کے درجنوں مقدمات میں ملوث 4 خطرناک بدمعاشوں کو گرفتار کرلیا ہے جن میں وسیم عرف موچھا ، محسن جاوید عرف بلا، حمزہ عرف ہنی اور طیب عرف موٹاشامل ہیں۔جن کے خلاف تھانہ اسلامپورہ، مغلپورہ اور نواں کوٹ میں ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے، تاوان کے لئے کاشف کو اغوا کرنے، ڈکیتیوں اور اقدام قتل کے متعدد مقدمات درج ہیں جن میں یہ اشتہاری تھے۔ جو یقیناًایک اچھی کاوش ہے انہوں نے مزید بتایا کہ شارپ کوپس 100 بدمعاشوں کی فہرست میں شامل 15 سے زائد خطرناک بدمعاشوں کے قریب پہنچ چکے ہیں جنہیں آئندہ چند روز میں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا جائے گا۔ کیپٹن (ر)امین وینس نے خطرناک بدمعاشوں اوراشتہاریوں کو گرفتار کرنے والے چاروں شارپ کوپس کو دس دس ہزار روپے نقد انعام دیتے ہوئے کہا کہ ان بدمعاشوں کی گرفتاری نہ صرف آپ کے فرائض میں شامل ہے جنہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر آپ دین اور دنیا دونوں میں سرخرو ہوسکتے ہیں جبکہ ساتھ ساتھ شہریوں کا پولیس پر اعتماد بحال کرنے کا اہم ذریعہ بن سکتے ہیں ۔ میں امید کرتا ہوں کہ شارپ کوپس اور ایڈمن افسر اسی جذبے سے شہریوں کی خدمت اوربدمعاشوں کو نشان عبرت بنانے کیلئے اپنے فرائض سر انجام دیتے رہیں گے ۔ سی سی پی اور نے تھانے میں آنے والے بزرگ اور شریف شہریوں کے مسائل کے حل میں ان کی رہنمائی اور امداد کرنے کے علاوہ ان سے شائستہ برتاؤ کرنے پر 10 تھانوں کے ایڈمن افسروں میں نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع انہوں نے کہا کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے ہم نے ایڈمن افسروں شارپ کوپس ، سوفٹ کوپس اور موبائل ٹریکنگ یونٹس کے پراجیکٹس تھانوں کی سطح پر شروع کر کے پولیس اور شہریوں کے درمیان حائل خلیج کو کم کرنے کی جو کوشش کی ہے اب شہریوں اور میڈیا کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ اپنے طور پر ان پراجیکٹس کے حوالے سے تھانوں میں جائیں اور جہاں کہیں کوئی کمی کوتاہی نظر آئے اس بارے میں ہمیں ضرور آگاہ کریں تاکہ اس کمی کو دور کیا جاسکے اور اگر انہیں ان پراجیکٹس سے مثبت تبدیلی دیکھنے کو ملے تو اس حوالے سے بھی اپنی آرا ضرور دیں کیونکہ کسی اچھے کام کو سراہنے سے مزید اچھائی کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔ موبائل ٹریکنگ یونٹس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتا یا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران موبائل ٹریکنگ یونٹس کی کاوش سے70 سے زائد موبائل 2 کاریں اور 50 ہزار روپے برآمد کر کے 4 گینگز سمیت 48راہزنوں اور چوروں کو گرفتار کیاگیا ہے جس پر سی سی پی او نے موبائل ٹریکنگ یونٹس کو ایک ہزار روپے فی یونٹ کے حساب سے انعام دینے کا اعلان کیا۔

مزید :

علاقائی -