سپریم کورٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی، عمران خان کی لمبے عرصہ کے بعد تازہ تصویر سامنے آ گئی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بانی تحریک انصاف عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں پیش ہو گئے ہیں تاہم سماعت براہ راست نشر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے لیکن ا س دوران سپریم کورٹ کے اندر سے عمران خان کی سکرین پر لی گئی تصویر منظر عام پر آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف انٹر اکورٹ اپیلوں پر سماعت جاری ہے ، جس دوران عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہیں اور انہوں نے آسمانی رنگ کی شرٹ زیب تن کر رکھی ہے ۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بنچ سماعت کررہا ہے،جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس اظہر رضوی بنچ کا حصہ ہیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل صاحب کیا ویڈیو لنک قائم ہو گیا؟اٹارنی جنرل نے جواب دیا جی ویڈیو لنک قائم ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ کیا نیب ترامیم کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست اب بھی زیرسماعت ہے؟وکیل مخدوم علی خان نے کہاکہ کل میں نے چیک کیا ابھی تک زیرالتوا ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا اسلام آباد ہائیکورٹ میں وہ درخواست سماعت کیلئے منظور ہو چکی تھی؟حکومتی وکیل مخدوم علی خان نے کہاکہ جی ہاں وہ درخواست سماعت کیلئے منظور ہو چکی ہے،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کوروسٹرم پر بلا لیا،عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے نیب ترامیم کیس پر ہونے والی سماعتوں کا حکمنامہ طلب کرلیا۔