کراچی، کورنگی میں 3 لاکھ کی سپاری دیکر باپ کو قتل کروانے والا بیٹا گرفتار

کراچی (آئی این پی )کراچی کے علاقے کورنگی میں سابق سیکیورٹی گارڈ کو 3 لاکھ کی سپاری دے کر والد کو قتل کروانے بیٹے اور ساتھی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ زمان ٹاون تھانے کی حدود میں 18 فروری 2025 کو پیش آیا تھا، جب سید محمد متین خان نامی شخص کو گھر کے قریب فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔پولیس نے واقعے میں ملوث مقتول کے بیٹے دانش، اس کی بیوی طوبی، دانش کی دوست ایمن اور 2 ملزمان محمد ظریف اور شہید اللہ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور تھانہ کورنگی صنعتی ایریا کی حدود سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی، تاہم مرکزی ملزم سیال خان کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول متین کیبل کا کام کرتا تھا، اور ملزم دانش اپنے والد کے ساتھ کام کرتا تھا، ملزم دانش کی ایمن نامی خاتون کے ساتھ دوستی ہو گئی، جس کے بعد وہ پیسوں میں ہیر پھیر کرنے لگا تھا۔ملزم کے والد کو پتا چلا تو انہوں نے 8 ماہ قبل ملزم دانش کو کام سے الگ کر دیا اور گھر سے نکال دیا، جس کے بعد ملزم اپنے سسرال میں جا کر رہنے لگ گیا۔
پولیس کے مطابق سسرال والوں نے اس کے والد کو سمجھایا تو وہ واپس گھر آگیا اور کلفٹن میں ملازمت کرنے لگا، جہاں اس کی ملاقات سیال خان نامی سکیورٹی گارڈ سے ہوئی، سیال خان نے نوکری چھوڑ دی تاہم ملزم دانش اس سے رابطے میں رہا، اور اس کے ساتھ مل کر وارداتیں بھی کرنے لگا۔2 ماہ قبل ملزم کا اپنے باپ سے پھر جھگڑا ہوگیا، جس پر اس کے باپ نے اسے برا بھلا کہا تو ملزم نے سیال خان سے باپ کو قتل کرنے کی بات کی اور تین لاکھ روپے میں سپاری دیکر والد کو قتل کروادیا۔