تعلیمی اداروں، جیلوں کو منشیات سے محفوظ بنانے کیلئے اہم اجلاس، لائحہ عمل مرتب

    تعلیمی اداروں، جیلوں کو منشیات سے محفوظ بنانے کیلئے اہم اجلاس، لائحہ عمل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لا ہور (کرائم رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ریٹائرڈ) اعظم سلیمان خان نے ہدایت کی ہے کہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کیساتھ ساتھ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بھی موثراقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں بحالی مراکز قائم کئے جائیں۔انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں صوبہ میں منشیات کے خاتمے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کی ہدایات کی روشنی میں تعلیمی اداروں اور جیلوں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ منشیات کے نقصانات سے متعلق شعور اور آگا ہی بڑھانے کی ضرورت ہے، معاشرے سے اس ناسور کے خاتمے کیلئے حکومت کی کوششوں میں علماء کرام اورسول سوسائٹی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ہیلتھ پروفائلنگ کے کا م کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے نشے کے عادی افراد کا ڈیٹا بیس مرتب کرنے، جیلوں میں قیدیوں کی ہیلتھ پروفائلنگ اور بائیو میٹرک تصدیق سے متعلق بھی ضروری ہدایات جاری کیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ہیلتھ پروفائلنگ کا کام 31مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، سکولز ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، سوشل ویلفیئر کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، آئی جی جیل خانہ جات، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزید :

علاقائی -