پاک افغان جرگے کا مستقل فائربندی اور طور خم بارڈر کھولنے پر اتفاق

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاک افغان طور خم سرحد کشیدگی کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، پاک افغان جرگے کے درمیان مستقل فائربندی اور طور خم بارڈر کھولنے پر اتفاق ہوگیا تاہم متنازع تعمیرات بند کرنے کے لئے افغان جرگے نے آج شام تک مہلت مانگ لی۔
روز نامہ امت کے مطابق جرگہ سربراہ سید جواد حسین کاظمی نے بتایا کہ آج کے مشترکہ جرگہ نے تنازع کے حل میں اہم پیش رفت کی، مستقل فائربندی اور طور خم تجارتی گزرگاہ ہرقسم آمدورفت کے لئے کھولنے پر اتفاق ہوگیا۔
جرگہ سربراہ کے مطابق مشترکہ جرگے نے افغان فورسز کی متنازع تعمیرات کو عارضی طور پر بند کرنے پر اتفاق کیا، متنازع تعمیرات بند کرنے کے لئے افغان جرگے نے آج شام تک مہلت مانگی۔
افغان جرگہ آج شام تک افغان حکام کو متنازع تعمیرات بند کرنے پر اعتماد میں لیں گے، متنازع تعمیرات کا مسلہ جائنٹ چیمبر آف کامرس کے آئندہ اجلاس تک ملتوی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
جائنٹ چیمبر آف کامرس کے آئندہ اجلاس میں متنازعہ تعمیرات کا مستقل فیصلہ کیا جائے گا، جائنٹ چیمبر آف کامرس کے آئندہ اجلاس تک تجارتی گزرگاہ کھول دی جائے گی، جائنٹ چیمبر آف کامرس کے آئندہ اجلاس کے لئے باہمی مشاورت سے تاریخ طے پائے گی۔
جرگہ سربراہ جواد حسین نے کہا کہ جرگہ آج شام تک ایف سی حکام اور افغان بارڈرسکیورٹی انچارج حکام کے مابین ملاقات کا اہتمام کیا ہے، آج طورخم سرحد پر ایف سی حکام اور افغان حکام کے درمیان ملاقات ہوگی، حکام کے ملاقات کے بعد طورخم تجارتی گزرگاہ ہر قسم آمدورفت کےلئے کھول دی جائے گی۔