بلوچستان میں آج تک کسی کا احتساب نہیں کیا گیا، کرپشن تھی ، ہے اور آئندہ بھی رہے گی :سینٹر اسرار اللہ زہری
نصیرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان نیشنل پارٹی کے صدر سینٹر اسرار اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کل بھی کرپشن تھی، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی، صوبے میں آج تک کسی کا بھی احتساب نہیں کیا گیا،موجودہ حکومت چوروں اور کرپٹ وزراء کے تحفظ پراپنی تمام توانائیاں صرف کر رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اسرار اللہ زہری کا کہنا تھا کہ ، قوم پرست وزیرا علیٰ اور نیشنل پارٹی کے وزیر کے تحفظ کیلئے اسلام آباد نیب پر اثر انداز ہونے کی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے، بی این پی عوامی بلوچستان میں بلاامتیاز احتساب کی حامی ہے، احتساب پسند و ناپسند کو بالائے طاق رکھ کر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ گودار اور سی پیک کے نام پر بلوچ قوم کی شناخت ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے سی پیک میں بلوچ قوم صرف اور صرف ٹائر پنکچر ،کیبن،چینک والے ہوٹل جیسی تجارت اور سہولیات سے ہی مستفید ہو سکیں گے۔