"آئینی ترمیم سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی" خواجہ آصف کے بیان پر بیرسٹر گوہر کا رد عمل
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے واضح کیا ہے کہ خواجہ آصف کے ساتھ آئینی ترمیم سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔وزیر دفاع کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں، تحریک انصاف آئینی ترمیم سے متعلق رضامند نہیں ہوئی۔ تحریک انصاف نے دسمبر تک رضا مندی سے متعلق کوئی گفتگو نہیں کی،پی ٹی آئی نے کسی بھی آئینی ترمیم پر ساتھ دینے کا نہیں کہا۔پی ٹی آئی نے حکومت سے ڈرافٹ یا ورکنگ پیپر مانگا تاکہ مکمل تفصیلات تو سامنے آئیں، تحریک انصاف نے کسی تجویز یا پیکج پر ساتھ دینے کا نہیں کہا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پہلے ترمیم کا مسودہ تو دکھائیں،جب مسودہ، تجویز یا پیکج دکھایا نہیں گیا تو رضامندی کی بات درست نہیں۔