گوادر فری زون  اور سنکیانگ پائلٹ فری ٹریڈ زون کے درمیان  معاہدہ   طے پا گیا 

گوادر فری زون  اور سنکیانگ پائلٹ فری ٹریڈ زون کے درمیان  معاہدہ   طے پا گیا 
گوادر فری زون  اور سنکیانگ پائلٹ فری ٹریڈ زون کے درمیان  معاہدہ   طے پا گیا 
سورس: Representational Image

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گوادر( آئی این پی)  گوادر فری زون(جی ایف زیڈ) اور چین  کے   سنکیانگ پائلٹ فری ٹریڈ زون (ایکس پی ایف ٹی زیڈ)کے درمیان  جامع اقتصادی معاہدے پر دستخط  ہو گئے ، اس کا مقصد  چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)کے فریم ورک کے تحت لاجسٹک، تجارت اور تجارتی ترقی کے لئے انٹرایکٹو ترقی کا ایک نیا نمونہ تیار کر نا  ہے ۔

گوادر پورٹ اتھارٹی کے عہدیدار نے گوادر پرو کو بتایا کہ گوادر فری زون نے   اقتصادی معاہدے پر دستخط کر  کے  اسے ضروری کارروائی کے لئے سنکیانگ پائلٹ فری ٹریڈ زون کی انتظامیہ کو بھیج دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چائنہ انڈسٹری اوورسیز ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن بھی دونوں خطوں کی مربوط ترقی کو تیز کرنے کے معاہدے کا حصہ ہے۔گوادر پرو کے مطابق  معاہدہ کرنے والے فریقین کی جانب سے دونوں تجارتی زونز کی اقتصادی ترقی کو مشترکہ طور پر فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے ذریعے توانائی، ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، تجارت اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ کوآرڈینیشن اور عملدرآمد کے لئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔

فریقین کے درمیان باقاعدگی سے مواصلاتی نظام قائم کیا جائے گا۔ گوادر پرو کے مطابق  گوادر فری زون دو حصوں پر مشتمل ہے، گوادر ساتھ فری زون 60 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اور گوادر نارتھ فری زون 2221 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے۔ سنکیانگ پائلٹ فری ٹریڈ زون (ایکس پی ایف ٹی زیڈ)، جس میں ارومچی، کاشغر اور خورگوس کے کچھ حصے شامل ہیں، 179.66 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے۔