اگر صوبوں کو حقوق دینا جرم ہے تو 24سال مزید جیل کاٹ لوں گا،آصف زرداری
تربت (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق صدر آصف زرداری نے کہاہے کہ اگر صوبوں کو حقوق دینا جرم ہے تو 24سال مزید جیل کاٹ لوں گا،سیاست میری مجبوری ہے شہیدوں کا مجھ پر قرض ہے۔
تربت میں پیپلزپارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہاکہ ہم بلوچستان کے غم کو سمجھتے ہیں، بلوچستان کے بے شمار وسائل ہیں،پہلے بھی کہہ چکا ہوں بلوچستان پاکستان کا دل ہے،ان کا کہناتھا کہ بلوچستان کو ایسا بناؤں گا پہلے سے 10گنا بہتر ہوگا۔
سابق صدر نے کہاکہ بلوچستان پاکستان کو دنیا کا بڑا ملک بنا سکتا ہے،بلوچستان اگر زرخیز ہو جائے تو ساری دنیا میں ایکسپورٹ کریں گے،انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں امن بھی آئے گا، ہسپتال بھی بنائیں گے ، پانی بھی دیں گے۔
آصف زرداری نے کہاکہ ہم ایسی جگہ سے پانی لائیں گے کوئی روک بھی نہیں سکے گا، ہم نے چین کیساتھ ملکر چلنا ہے،اپنے دور میں 15دفعہ چین کا دورہ کیا،گوادر کے معاشی حالات بہتر اور نوجوانوں کو نوکریاں دینی ہیں، بلوچستان کی آنے والی نسلوں سے بھی پیار کریں گے،
سابق صدر نے کہاکہ اگر صوبوں کو حقوق دینا جرم ہے تو 24سال مزید جیل کاٹ لوں گا،سیاست میری مجبوری ہے شہیدوں کا مجھ پر قرض ہے،بلوچستان کے ساتھ ملکر ہم پاکستان کو بنائیں گے،ہر ڈویژن میں یونیورسٹی بنائیں گے،پاور میں آئیں گے تو سب سے پہلے بلوچستان کو بنائیں گے۔