سستے و فوری انصاف کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے:جسٹس یحییٰ آفریدی

سستے و فوری انصاف کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے:جسٹس یحییٰ آفریدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ایبٹ آباد(اے این این) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عام آدمی کو سستا اور فوری انصاف کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے ،وکلاء برادری عوام کو فوری انصاف کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں ،ہم وکلاء کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد بار روم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ صدر ہا ئیکورٹ بار محمدارشد اعوان اور جنرل سیکرٹری سردار محمد آصف کی دعوت پرایبٹ آباد تشریف لائے جبکہ صدر محمد ارشد اعوان بمعہ کابینہ نے چیف جسٹس کا پرتپاک استقبال کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ سب سے پہلے ہائیکورٹ بار روم کی بلڈنگ بنے گی جو 9ماہ کے اندر تعمیر کی جائے گی اور صدر ہا ئیکورٹ بارکا ہر جائز مطالبہ پورا کیا جائے ،وکلاء کے مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے ۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ میں وکلاء برادری کو ساتھ لے کر چلوں گا اور تمام فیصلے وکلاء برادری ، بار کونسل اور بار ایسوسی ایشن سے مشاورت کے بعد کیے جائیں گے ۔چیف جسٹس نے کہاکہ عام آدمی کو سستا اور فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے اس حوالے سے وکلاء برادری کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانا ہوں گی ۔قبل ازیں صدر ہائیکورٹ بار نے چیف جسٹس کی جانب سے بارروم کے سنگ بنیاد رکھنے پر شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی جج صاحبان اور وکلاء سے اپیل کی کہ وہ جلد ازجلد مقدمات نمٹائے تاکہ عوام کو جلد اور سستا انصاف مل سکے کیونکہ عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں عوام نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا تھا جسے ہم آج تک نہیں بھولے ۔ واضح رہے کہ صدرہائیکورٹ بار ایبٹ آباد نے چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بارروم کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کریں اور اس کا سنگ بنیاد بھی خود آکر رکھیں۔

مزید :

صفحہ آخر -