صنم جاوید سینیٹ میں پی ٹی آئی کی امیدوار نامزد، طیبہ راجہ کی کڑی تنقید
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پارٹی رہنما طیبہ راجہ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صنم جاوید کا نام سینیٹ میں امیدوار کیلئے نامزد ہونے پر انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق رہنما پی ٹی آئی طیبہ راجہ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر صنم جاوید پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک کو اونچا دکھانے کیلئے ضروری نہیں کہ باقی سب کی قربانیوں کو پس پشت ڈال دیا جائے۔ صنم جاوید کی ضمانت بار بار انسداد دہشت گردی کی عدالت سے کیسے ہو جاتی ہے؟ صنم جاوید 8بار گرفتار اس لئے ہوئی کیونکہ 7بار انکی ضمانت ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالیہ حمزہ اورطیبہ راجہ کی ضمانت لاہور ہائیکورٹ سے 9ماہ بعد 15بار بینچ ٹوٹنے کے بعد ہوئی، تب بار بار اے ٹی سی سے کسی ایک کی ضمانت کیسے ہو جاتی ہے؟ یہ ایک بڑا سوال ہے۔ طیبہ راجہ نے کہا کہ ہم سب صرف عمران خان کی واپسی تک خاموش ہیں، تھوڑا صبر کریں سب بولیں گے۔