اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) کلچرل انسٹیٹیوٹ تہران کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ ، مختلف ممالک کے مندوبین کی شرکت

اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) کلچرل انسٹیٹیوٹ تہران کے وفد کے اعزاز میں ...
اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) کلچرل انسٹیٹیوٹ تہران کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ ، مختلف ممالک کے مندوبین کی شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت پنجاب نے اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) کلچرل انسٹیٹیوٹ تہران کے وفد کے اعزاز میں ایک شاندار عشائیے کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کے احترام انسانیت، محبت اور دینی و ثقافتی ہم آہنگنی کے آفاقی پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی ۔صدر کلچرل انسٹیٹیوٹ تہران سعد خان کی سربراہی میں 31 رکنی وفد  میں انٹرنیشنل اقبال کانفرنس 2024 میں شرکت کرنے والے ایران، افغانستان، مصر، کویت، سپین، اور یو کے سمیت مختلف ممالک کے مندوبین شامل تھے۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز  کی جانب سے معزز مہمانوں کا استقبال  وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، اور وزیر تعلیم رانا سکندر نے کیا ۔ وزیر خزانہ پنجاب  نے مختلف ممالک کے مندوبین کی لاہور آمد پر خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے وفد کی میزبانی کو باعث مسرت قرار دیا ۔

انہوں نے علامہ محمد اقبال کے وطنیت ، آزادی ، مساوات اور اخوت کے فلسفے کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے نسل پرستی کو بت پرستی سے تعبیر کیا اور مادیت پرستی کے خلاف احترام انسانیت کے آفاقی پیغام کو پیش کیا ہے۔  اقتصادی لوٹ کھسوٹ نے قوموں سے منزل کا شعور چھین لیا ہے اور آج کے دور میں اقبال کے پیغام محبت اور ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے پیغام اقبال کی اشاعت اور نوجوانوں کی تربیت کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب کی کاوشوں پر روشنی ڈالی ۔تقریب کو اقبال کے باہمی  ہم آہنگنی اور احترام انسانیت کے پیغام کو برادار ممالک تک پہچانے کی کامیاب کوشش قرار دیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے اقبال کے نظریات سے استفادہ کر رہی ہے ۔

صدر کلچرل انسٹیٹیوٹ تہران سعد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی مہمان نوازی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب  کی بدولت پہلی بار دنیا بھر سے اقبال اسکالرز کو پنجاب سے متعارف کروانے کا موقع ملا۔ انہوں نے شاندار انتظامات اور میزبانی پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ 
تقریب کے دیگر شرکاء میں وفاقی سیکرٹری نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، اور سیکرٹری اطلاعات، ایڈیشنل سیکرٹری کلچر ،ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب،  اقبال اکیڈمی پاکستان کے ڈائریکٹر، ایوانِ اقبال کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر، اور مختلف جامعات پروفیسرز اور محققین شامل تھے ۔