وزیراعلیٰ پنجاب سے ترک سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک کی ملاقات ، سماجی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار

وزیراعلیٰ پنجاب سے ترک سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک کی ملاقات ، ...
وزیراعلیٰ پنجاب سے ترک سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک کی ملاقات ، سماجی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ایوان وزیراعلیٰ میں ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران احمت البراک نے پنجاب میں ہاؤسنگ اور سماجی شعبے کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کرنے پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخی برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اورترکی نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام نے اپنے عظیم قائد صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں جمہوریت کے ساتھ جس والہانہ جذبے کا اظہار کیا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔ ترکی کی عظیم قوم نے اپنے عظیم قائدرجب طیب اردوان کی قیادت میں عظیم جدوجہد کر کے جمہوریت کو بچایا ، بلاشبہ یہ اقدام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ترکی کی متعدد کمپنیاں اور سرمایہ کار پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ پنجاب حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے ہرممکن سہولتیں فراہم کر رہی ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول مہیا کیا گیا ہے۔ترک گروپ کی جانب سے پنجاب کے سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے اور پنجاب حکومت اس سلسلے میں ہرممکن تعاون کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے ترکی میں حالیہ دنوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے عوام غم کی گھڑی میں ترکی کے عوام کے ساتھ ہیں اورہمارے دکھ اور خوشیاں سانجھی ہیں ۔ پاکستان کی طرح ترکی بھی دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کو مل کر شکست فاش دینا ہو گی۔ملاقات کے دوران ترکی میں دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں ہاؤسنگ اور سماجی شعبے کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت کے ساتھ قریبی روابط کے تحت کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مثبت اور فعال کردار ادا کیا ہے۔ ترکی کے عوام وزیراعلیٰ شہبازشریف کی غیرمعمولی صلاحیتوں کے معترف ہیں، بلاشبہ شہبازشریف نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں کو رفتار اور معیار کے ساتھ مکمل کیا ہے۔ صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، عائشہ غوث پاشا،مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

لاہور -