4 حلقوں میں ضمنی الیکشن، صوبائی حلقوں پر ن لیگ فاتح، این اے 45 پر تحریک انصاف نے میدان مار لیا

4 حلقوں میں ضمنی الیکشن، صوبائی حلقوں پر ن لیگ فاتح، این اے 45 پر تحریک انصاف ...
4 حلقوں میں ضمنی الیکشن، صوبائی حلقوں پر ن لیگ فاتح، این اے 45 پر تحریک انصاف نے میدان مار لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)  پنجاب اور خیبر پختونخوا کے چار حلقوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ رائے دہندگان  نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 75 ڈسکہ، این اے 45 کُرم  میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اس کے علاوہ پنجاب سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ  پی پی 51 وزیر آباد اور خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ میں بھی ضمنی الیکشن کیلئے ووٹنگ ہوئی۔اب تک موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 وزیر آباد میں ن لیگ نے میدان مار لیا ہےجبکہ این اے 45 کُرم میں تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب قرار پایا ہے۔

 پی کے 63 کے تمام پولنگ سٹیشنز کے  غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول  ہوگئے ہیں  جن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن  کے اختیار ولی 21 ہزار 122 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار میاں عمر کاکا خیل 17ہزار23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ واضح رہے کہ عام انتخابات میں یہاں تحریک انصاف نے نو ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت کو چار ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پنجاب سے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 51 میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن)نے میدان مار لیا ہے۔یہاں سے موصول ہونے والے تمام 162  پولنگ سٹیشنز کے  نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کی طلعت منظور چیمہ  53 ہزار 903 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ   پاکستان تحریک انصاف کے محمد یوسف  48 ہزار  484 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس حلقے میں مسلم لیگ ن نے پانچ ہزار 419 ووٹوں سے فتح اپنے نام کی ہے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کےمطابق این اے 45 کے تمام  134پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئےہیں جن کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے فخر زمان 16ہزار 911 ووٹ لے کر  کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ  آزاد امیدوار سید جمال 15 ہزار 560ووٹ لے کر  دوسرے نمبر پر رہے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق  قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ  کے 360 میں سے  337 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئےہیں جس کے مطابق  مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار   97 ہزار   588  ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہیں جبکہ  ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی    94  ہزار  541  ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔