پنجاب میں خواتین کو اربوں روپے کی پراپرٹی کے وراثتی حقوق دلوا دیئے :محتسب پنجاب  نبیلہ حاکم علی خان

پنجاب میں خواتین کو اربوں روپے کی پراپرٹی کے وراثتی حقوق دلوا دیئے :محتسب ...
پنجاب میں خواتین کو اربوں روپے کی پراپرٹی کے وراثتی حقوق دلوا دیئے :محتسب پنجاب  نبیلہ حاکم علی خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(  ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی  محتسب پنجاب  نبیلہ حاکم علی خان نے ریجنل آفس راولپنڈی  کا دورہ کیا.  انہوں نے  ریجنل آفس میں وراثتی جائیداد اور ہراسمنٹ سے متعلقہ کیسز کی سماعت کی اورحل کے لیے احکامات جاری کیے۔ جکوال  کی فیملی کی وراثتی جائیداد جو عرصہ دراز سے التواء کا شکار تھی پر فیصلہ سنایا جس پر خواتین نے  صوبائی محتسب کا شکریہ ادا کیا اور  انکی کاوش کو سراہا. اسی طرح خواتین کو درپیش وراثتی حصہ دلانے سے متعلق درجنوں کیسز نمٹائے۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ ملک ظہور احمد اعوان اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن راولپنڈی ڈویژن تابندہ سلیم بھی موجود تھیں۔

 ایڈووکیٹ ملک ظہور عوان نے اس موقع پر کہا کہ انفورسمنٹ ایکٹ 2021 کا نفاذ جب سے ہوا اس لاء کی وجہ سے  ہماری بیوہ عورتیں ، بہنیں اور   بیٹیاں جو وراثت کے مسائل کا شکار تھیں اور ان کو پراپرٹی میں حصہ لینے کے لیے سال ہا سال لگ جاتے تھے اور سول کورٹس میں یہ مقدمات التوا ءکا شکار رہتے  تھے اب اس ایکٹ کے تحت وراثت میں حصہ لینا ان کے لیے بہت آسان ہو گیا ہے اور صوبائی محتسب کا ادارہ اس سلسلے میں بہت مؤثر کام کر رہا ہے۔ جس سے عورتوں کے لیے اب حصہ لینا اتنا مشکل کام نہیں رہا ۔

صوبائی محتسب نبیلہ حاکم نے کہا کہ ایک سال کے اندر ہم 15 ارب کی پراپرٹی پنجاب میں خواتین کو ڈیلیور کروا چکے ہیں۔ہمارے9 ریجنل افسز پنجاب میں اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں ۔  خواتین کو وراثتی حقوق دلانے کے لیے تمام تر  اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں. خواتین ہماری آبادی کا  52 فیصد  ہیں اور ان کو آئینی اور شرعی حقوق دلانا ہمارا فرض ہے۔ خواتین کو باہمت اور بااعتماد بنانا ،خواتین کو ملازمت کی جگہ بہترین ماحول فراہم کرنا ہے اس ادارے کی ترجیحات ہیں۔خواتین  کو وراثتی حق سے کسی صورت محروم نہیں رکھا جاسکتا.ہمیں خواتین کو زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دینا ہے اور یہ احساس دلانا ہے کہ وہ بھی معاشرے کا ایک قیمتی رکن ہے اور برابر حقوق رکھتی ہیں۔

آخرمیں انہوں نے کہا کہ  پنجاب حکومت خواتین کی بہتری کیلئے بہت سے اقدامات کررہی ہے۔ خواتین کو تحفظ فراہم کرنا اور انکے حقوق کی ادائیگی ہم سب کی ذمہ داری ہے.