آصف کرمانی نے جھوٹ بولا ،احتساب عدالت نے نظر انداز کیا ،سپریم کورٹ کے مانیٹرنگ جج اس بات کا نوٹس لیں :فواد چودھری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی میں بہت ثبوت ہیں اور شریف خاندان انہیں نظر اندا زکررہا ہے ،نیب میں غیر حاضری کی سزا تین سال قید ہے ،شریف خاندان اپنے معاملات کا جواب نہیں دینا چاہتا،آج احتساب عدالت میں آصف کرمانی نے آرام سے عدالت کو بتادیہ کہ نواز شریف کے لندن کے پتے کے بارے میں معلومات نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اور ملک ہوتا تو ایک سینیٹ کے ممبر کی ہمت نہیں ہو سکتی تھی کہ عدالت کے سامنے جھوٹ بولے ،پورے پاکستان کو ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں شریف خاندان کے فلیٹس کے بارے میں پتہ ہے ۔اسلام آباد میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ آصف کرمانی کے جھوٹ پرجج کو بھی نوٹس لینا چاہیے تھا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ احتساب ریفرنس پر سپریم کورٹ کے مانیٹرنگ جج جسٹس اعجاز الاحسن نوٹس لیں کہ کس طرح جھوٹ بولا گیا اور اس جھوٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے 7دن کی تاریخ کیوں دی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے بعد اگلی سماعت کی تاریخ دینا عجیب بات ہے ،اس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے کیونکہ یہ کسی کے باپ کے پیسے نہیں بلکہ پاکستان کے پیسے ہیں ۔
عائشہ گلالئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے ٹی وی پر آکر سب کے سامنے تحریک انصاف چھوڑنے کا کہا لیکن وہ اتنے جھوٹ بول چکی ہیں کہ ان کی وجہ سے انگریزی کی ڈکشنری بھی تبدیل ہوگئی ہے ،پہلے کہا جاتا تھا بگ لائی اب کہا جاتا ہے گلا لائی ،جبکہ ان کے جھوٹ کا اندازہ میڈیا خود بھی لگا سکتا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ عائشہ گلالئی کی گفتگو غیر سنجیدہ ہے اور اس پر بات کرنے کی کوئی گنجائش نہیں جب کہ عائشہ کی کوئی حیثیت نہیں وہ سیٹ چھوڑ کر الیکشن لڑ کر دکھائیں۔
مزید خبریں :احتساب عدالت نے عدم پیشی پر شریف فیملی اور اسحاق ڈار کو 26 ستمبر کو دوبارہ طلب کرلیا