غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری، ڈرون حملے، 70فلسطینی شہید، 60سے زائد گرفتار

  غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری، ڈرون حملے، 70فلسطینی شہید، 60سے زائد گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                                غزہ (آئی این پی)غزہ پر اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری اور ڈرون حملے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 70فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ شہدا کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔ فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق ایک نوجوان جس کی شناخت اکرم الحواجری کے نام سے ہوئی ہے، بریج کیمپ کے داخلی راستے کے شمال میں واقع الفزب مارکیٹ کے قر یب ڈرون حملے میں شہید ہوا۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے وسطی غزہ میں بریج کیمپ کے جنوب میں واقع قریب واقع مغازی پناہ گزین کیمپ پر گولہ باری کی ہے۔قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق طبی ذرائع نے بتایا اسرائیلی فورسز نے متعدد گھروں، خیمہ بستیوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا ہے۔حبرون کے جنوب میں فو وار پناہ گزین کیمپ میں بڑے پیمانے پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں تقریبا 30 فلسطینی شہید ہوئے۔مقامی فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے فوجی آپریشن کے د و ران 60 سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے، اور ان کی حراست کے مقام پر فوج کی جانب سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، کچھ قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔آن لائن شیئر کی جا نیوالے ویڈیو کلپس میں دیکھا جا سکتا ہے اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مردوں کو بندوق کی نوک پر بھاگنے پر بھی مجبور کیا۔ ادھر اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے فوری انتباہ جاری کیا ہے غزہ کو اب خوراک کی ضرورت ہے، کیونکہ لاکھوں افراد کو بھوک کا خطرہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی بمباری کی وجہ سے لوگ نفسیاتی طور پر ٹوٹ چکے ہیں، امدادی سامان کی فراہمی پر اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے اپنے بچوں کو کھانا کھلانے سے قاصر ہیں۔ادھرا نسانی حقوق کے گروپ الحق کے مطابق اسرائیل کی طرف سے فلسطینی ثقافت اور ورثے جن میں یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل مقامات بھی شامل ہیں کو اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے زمین پر قبضے کے بڑ ھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔الجزیر ہ کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مشرق میں شمالی وادی اردن کے خربت الدیر میں فلسطینی آبادیوں میں پانی کے پمپ چوری کرلیے، فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے۔دوسری طرف اسرائیل کی جانب سے 45 دنوں کیلئے جنگ بندی کی تجدید کی نئی پیشکش میں حماس سے 10 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے اور ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔حماس نے اس تجویز کو ناممکن شرائط عائد کرتے ہوئے مسترد کر دیا۔ مصری ثالث جنوری کی جنگ بندی کے اصل معاہدے کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تا ہم، اس بات کے بہت کم آثار ہیں دونوں فریقین بنیادی مسائل پر متفق ہو جائیں۔ادھرفلسطینی وزارت خارجہ نے خبردار کیا ہے عبرانی سوشل پلیٹ فارمز پر صیہونی آبادکار تنظیموں کی جانب سے مسجد الاقصیٰ پر حملے اور اسے شہید کر کے اس کی جگہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کے پیغامات گردش کر رہے ہیں۔فلسطینی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ان منصوبوں کو مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے کی اشتعال انگیزی قرار دیا اور کہا عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے اس سنگین اشتعال انگیزی کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق فوری اقدامات کریں۔یاد رہے اسرائیلی آبادکار مقبوضہ مغربی کنارے میں غیرقانونی طور پر فلسطینی زمینوں پر قابض ہیں جو باقاعدگی سے قابض افواج کی حفاظت میں مسجد الاقصیٰ کے صحن میں گھس کر مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں،بیت المقدس میں قائم موجودہ اسٹیٹس کو کے تحت غیر مسلموں کو مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں عبادت کی اجازت نہیں۔

فلسطینی شہید

مزید :

صفحہ اول -