ججز کی تقرریوں میں سیاسی مداخلت کا کیس،بینچ کے دائرہ اختیار سے متعلق دلائل طلب
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سندھ ہائیکورٹ کے ججز کی تقرریوں میں سیاسی مداخلت روکنے سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے بینچ کے دائرہ اختیار سے متعلق دلائل طلب کر لئے۔
جسٹس جنید غفار نے کہا کہ یہ درخواست ہمارے پاس کیوں آئی ہے؟ آئینی بینچ میں جانی چاہئے، درخواست میں کیا استدعا کی گئی ہے؟
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا جاری کردہ نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ درخواست گزاروں کے 2 الگ وکیل کیوں ہیں؟ ہم ایک درخواست میں ایک ہی وکیل کو سنیں گے، پہلے عدالت کو مطمئن کریں یہ درخواست ریگولر بینچ میں کیوں ہے آئینی بینچ میں کیوں نہیں؟
بعدازاں عدالت نے بینچ کے دائرہ اختیار سے متعلق دلائل طلب کرتے ہوئے درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔