خاتون نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرکے لاش جلادی، ویڈیو سامنے آگئی

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں ایک خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو بے دردی سے قتل کر دیا اور پھر ثبوت مٹانے کے لیے اس کی لاش جلا دی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔جے پور پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت دھنی لال سینی کے طور پر ہوئی ہے، جو سر پر گہری چوٹ لگنے سے ہلاک ہوا۔
نیوز 18 کے مطابق قتل کے بعد ملزمان نے لاش کو ٹھکانے لگانے کی کوشش کی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں خاتون اور اس کا آشنا مقتول کی لاش کو ایک موٹر سائیکل پر لے جاتے نظر آ رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ساوتھ) دگنت آنند نے تصدیق کی کہ مقتول کی بیوی گوپالی دیوی اور اس کے آشنا دین دیال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتول نے اپنی بیوی کو اس کے غیر ازدواجی تعلقات پر ٹوکا۔ گھریلو جھگڑا شدت اختیار کر گیا اور اسی دوران گوپالی دیوی اور دین دیال نے غصے میں آ کر دھنی لال کے سر پر لوہے کی راڈ مار دی، جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہو گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
یہ واقعہ 16 مارچ کو اس وقت سامنے آیا جب پولیس کو ایک سڑک کے قریب آدھی جلی ہوئی لاش کی اطلاع ملی۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد پولیس کو شبہ ہوا کہ مقتول کو قتل کرکے لاش جلائی گئی ہے تاکہ ثبوت مٹایا جا سکے۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے پایا کہ لاش کے باقیات کو ایک بوری میں بھر کر سڑک پر پھینکا گیا تھا۔ لاش کی شناخت میں دو دن لگے، جس کے بعد پولیس نے خاتون اور اس کے آشنا کو حراست میں لے لیا۔