سوئی ناردرن گیس کا کریک ڈاؤن، 35کروڑ کی چوری پکڑی گئی

سوئی ناردرن گیس کا کریک ڈاؤن، 35کروڑ کی چوری پکڑی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(لیاقت کھرل)سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے رواں سال کے دوران گیس چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر جاری کریک ڈاؤن کے دوران 35کروڑروپے کی گیس چوری پکڑی، جس میں 102 جعلی نیٹ ورک اور 178 جعلی بائی پاس جبکہ 180 گھریلو میٹروں سے کارخانوں اور فیکٹریوں میں گیس چوری پکڑی گئی ہے۔ جس سے یو ایف جی کی شرح میں 1.11فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ’’روزنامہ پاکستان‘‘ کو سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن سے گیس چوری کے خلاف کیے گئے کریک ڈاؤن کے حوالے سے ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن کے جی ایم قیصر مسعود کی نگرانی میں یو ایف جی کی ٹیموں نے گیس چوری کے خلاف مجموعی طور پر 1205چھاپے مارے ہیں۔ جس میں35کروڑروپے کی گیس چوری پکڑی گئی ہے جس میں یو ایف جی کی ٹیموں نے 102جعلی نیٹ ورک پکڑے ہیں۔ جس میں 1012گھروں کو جعلی طریقہ سے گیس سپلائی کی جارہی تھی اور 180گھریلو میٹروں سے کارخانوں اور فیکٹریوں میں ہونے والی گیس چوری پکڑی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 178 مقامات پر چھاپوں کے دوران ڈائریکٹ بائی پاس کے ذریعے گیس چوری پکڑی ہے اور اسی طرح 77ٹیمپرڈ میٹرز اور 49گھروں فیکٹریوں اور کارخانوں میں جنریٹرز کے ذریعے گیس چوری پکڑی گئی ہے۔ اسی طرح 635 مقامات پر ہربنس پورہ اور اندرون سٹی (وال سٹی) کے ایریا آفس کی ٹیموں نے چھاپے مارے ہیں۔اس حوالے سے جی ایم قیصر مسعود نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا گیس چوروں کے خلاف 50 سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں اور اس میں ایک ٹیکسٹائل مل فیروزپور روڈ پر چھاپے کے دوران ڈیڑھ کروڑ روپے کی گیس چوری پکڑی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گیس چوری کے خلاف کریک ڈاؤن میں سب سے زیادہ جعلی نیٹ ورک کے ذریعے گھر میں گیس چوری کی جارہی تھی اور دوسرے نمبر پر جعلی بائی پاس کے ذریعے کارخانوں اور فیکٹریوں میں گیس چوری پکڑی گئی ہے۔ جس سے یو ایف جی کی شرح میں 1.11فیصد کمی واقع ہوئی ہے جبکہ گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن سے 35 کروڑ روپے کی گیس چوری پکڑی گئی ہے۔جس کو ایم ڈی سوئی گیس کمپنی امجد لطیف نے باقاعدہ زبردست سراہا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -