سراج الحق کی مفتی زرولی خان اور مفتی منیب الرحمن سے ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے ممتاز عالم دین اور دارالعلوم احسن العلوم کے مہتمم مو لانا مفتی زرولی خان سے اور رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین اور دارالعلوم نعیمیہ کے مہتمم مفتی منیب الرحمن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔ملاقات میں مذہبی رواداری و ہم آہنگی اور اتحاد و یکجہتی پر زور دیتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ اس کے لیے عملاء کرام اور دینی شخصیات کو مل کر جدو جہد کر نے کی ضرورت ہے ۔نیکی کے فروغ اور اصلاح معاشرے کے لیے اور سودی نظام کے خاتمے کے لیے علماء کو مشترکہ طور پر اپنا کر دار ادا کر نا چاہیئے ۔ملاقاتوں میں جماعت اسلامی کے مر کزی اسسٹنٹ سیکریٹری محمد اصغر ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی ،مسلم پرویز ،سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،ضلعی امراء منعم ظفر خان اور یونس بارائی ،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے مولانا عبد الوحید ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی مو جود تھے ۔مفتی زر ولی خان نے سراج الحق کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ علماء کرام اور دینی مدارس کا پاکستان میں اسلامی معاشرے کے قیام میں بہت اہم کر دار ہے ۔معاشرے میں نیکیوں کو پھیلانے اور خیر کے کام کے لیے سب کو مل کر جدو جہد کر نی چاہیئے ۔سرا ج الحق نے دارالعلوم اور مدرسے کا دورہ کیا اور طلبہء اساتذہ سے خطاب بھی کیا ۔انہوں نے کہا کہ کافی عر صے سے مفتی صاحب سے ملاقات کا خواہش مند تھا اور علماء کرا م سے میرا قلبی محبت کا تعلق ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرے والد صاحب دار العلوم دیو بند میں رہے اسکے بعد وہ 60سال تک درس و تدریس سے وابستہ رہے ۔علماء کرام کے اندر ،فقر ،خودی اور استغنا ہو تا ہے اور یہ اللہ والے لوگ ہو تے ہیں ۔میں جہاں بھی کسی عالم دین کو دیکھتا ہوں مجھے اپنے والد کی جھلک نظر آتی ہے اور ایسا محسوس ہو تا ہے کہ وہ میرے اور میں ان کے خاندان کا حصہ ہوں ۔دینی مدرسوں اور اداروں کی جنہوں نے بنیاد رکھی ہے اللہ تعا لیٰ انہیں اجر عظیم عطاء فر مائے ۔زمین کی خوبصورتی علماء کرام کی وجہ سے ہے اور یہ زمین پر ستاروں کی مانند ہیں ۔سراج الحق نے مفتی منیب الرحمن سے ملاقات میں گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ میں علماء کرام کے پاس حاضری دیتا رہتا ہوں ۔علماء کرام خیر کے سر چشمے ہیں ۔میں ان سے رہنمائی بھی لیتا رہتا ہوں ۔دینی شخصیات کو اتحا د و اتفا ق کا ماحول پیدا کر نا ہوگا اور سودی نظام کے خاتمے کے لیے بھی علماء کرام کو مل کر جدو جہد کر نی ہوگی ۔مفتی منیب نے سراج الحق سے اتفاق کر تے ہوئے اتحادو یکجہتی کے فروغ میں تعاون پر زور دیا اور کہا کہ ملک اور قوم کی اصلاح کے لیے سب کو متحد ہو کر جدو جہد کر نی ہو گی ۔جماعت اسلامی میں نو جوان قیادت ہے ۔نو جوانوں سے سب کو بہت امیدیں ہیں ۔