راوانڈ اورمتحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے۔امارات کے وزیرمملکت برائے امور خارجہ ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے، ایئرپورٹ پر نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحق ڈار اور دیگر حکام نے استقبال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔اپنے دورے کے دوران شیخ عبداللہ بن زید النہیان پاکستان کے نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ سے بات چیت کریں گے۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائیگا جس میں تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی تعاون، علاقائی سلامتی اور عوام سے عوام کے روابط پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔ اس سے قبل روانڈا کے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے پاکستان پہنچے۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر دفترخارجہ کے حکام اورروانڈا کے ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے کا استقبال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق روانڈا کے وزیر خارجہ وزیراعظم شہبازشریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کرینگے، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزراء سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔مہمان وزیر خارجہ اسلام آباد میں روانڈا کے ہائی کمیشن کا باقاعدہ افتتاح بھی کریں گے، اولیورجین پیٹرک ندوہنگر ے تاجروں سے بھی بات چیت کریں گے۔یہ دورہ کیگالی اور اسلام آباد میں متعلقہ سفارتی مشنز کے قیام کے بعد جمہوریہ روانڈا کے وزیر خارجہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جس سے دونوں دوستانہ ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔
وزرائے خارجہ