المحمدیہ روٖضہ سوسائٹی کی ہفتہ احیائے نظریہ پاکستان کے حوالے سے تقریبات جاری

المحمدیہ روٖضہ سوسائٹی کی ہفتہ احیائے نظریہ پاکستان کے حوالے سے تقریبات جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) المحمدیہ روٖضہ سوسائٹی کے زیر اہتمام ’’میں پاکستان ہوں‘‘کے عنوان سے ہفتہ احیائے نظریہ پاکستان کے حوالے سے تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد جاری ہے۔ جس میں ملک کے مختلف اضلاع میں ہونے والے پروگرامز اور سیمینارز میں مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں بچوں نے شرکت کی۔ بچوں کے درمیان تقریری، ملی نغموں،ڈیبلوز اورنظریہ پاکستان کے حوالے سے تھری ڈی ماڈل کی تیاری کے مقابلہ جات ہوئے۔جن میں جیتنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے مرکزی ذمہ داران نے شرکت بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے زیر اہتمام قصور کی تحصیل الہ آباد کے مقامی ہال میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں پانچ سکولوں کے سینکڑوں بچوں نے شرکت کی۔اس موقع پر المحمدیہ روضہ سوسائٹی پاکستان کے مسؤل جنید الرحمن اور زونل مسؤل المحمدیہ روضہ سوسائٹی احمد طیب نے خصوصی شرکت کی۔ مسؤل المحمدیہ روضہ سوسائٹی پاکستان جنید الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نظریہ پاکستان ہی ہماری اساس اور بنیاد ہے۔ یہ دو قومی نظریہ ہی تھا جس کی بدولت پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک نئی مملکت کے طور پر ابھر کے سامنے آیا۔آج یہی نظریہ پاکستان کے دشمنوں کو کھٹک رہا ہے ۔ پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمن ہمارے بچوں اور نوجوانوں کے ذہنوں سے اس نظریے کو مٹانے کیلئے تگ دو کر رہے ہیں تاکہ وہ پاکستان کی بنیاد کو کمزور کر کے اس کوسیکولر ریاست بناسکیں۔المحمدیہ روضہ سوسائٹی اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے پاکستان کے خلاف ہونی والی دشمن کی ہر ناپاک چال کو ناکام بنا ئیں گی۔زونل مسؤل المحمدیہ روضہ سوسائٹی احمدطیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط بنیاد ہی مضبوط عمارت کی ضامن ہوتی ہے۔ نظریہ پاکستان ہماری بنیاد ہے جو ہم اور ہندوؤں میں تفریق پیدا کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کے وجود کو ختم کرنے کیلئے نظریہ پاکستان کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کو ہم ہر صورت ناکام بنائے گے۔ اس موقع پر انمول ماڈل سکول، اسلامک ماڈل سکول، کنگز اینڈ کوئن ماڈل سکول، طیبہ ماڈل سکول اورعزم نو ہائی سکول کے بچوں نے شرکت کی۔ بچوں کے درمیان تقریری، ملی نغموں،ڈیبلوز اورنظریہ پاکستان کے حوالے سے تھری ڈی ماڈل کی تیاری کے مقابلہ جات ہوئے۔جن میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں نقد رقوم، میڈلز اور ٹرافیزتقسیم کی گئی۔ اس موقع پر سکولز کے اساتذہ اور والدین نے بھی خصوصی شرکت کی اور المحمدیہ روضہ سوسائٹی کی اس کاوش کو خوب سراہا اور آئندہ بھی ایسے پروگرامات اور سیمینارز کے انعقاد کی اپیل کی۔