کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنی چاہئے،عبدالقدیر اعوان

      کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنی چاہئے،عبدالقدیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹی رپورٹر)تنظیم الاخوان پاکستان کے امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک ایسی وبا ہے جس سے عام الناس میں ایک گھبراہٹ ہے،خوف ہے جس سے نکلنے کی ضرورت ہے۔یادرکھیں موت خود زندگی کی حفاظت کرتی ہے جب تک اس کا وقت پورا نہ ہو جائے۔جہاں ہم اس وبا سے بچنے کے لیے ظاہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں وہاں زیادہ سے زیادہ قرآن کریم کی تلاوت کریں کیونکہ قرآن کریم کے ایک ایک حرف میں وہ برکات ہیں جن سے حفاظت الہی نصیب ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ طواف کعبہ کا روکنا ان مفتیان کرام کا حکم ہے جو اس کے اہل ہیں لیکن ان کا یہ فیصلہ کس حد تک درست ہے وہ خود اللہ کے حضور اس کے جواب دہ ہیں۔لیکن ایک بات سمجھنے کی ہے کہ طواف کعبہ وہ جگہ ہے جہاں ہر وقت تجلیات باری کا نزول ہوتا ہے اور قیامت کی نشانیوں میں ایک نشانی یہ بھی ہے کہ حج کا طواف روک دیا جائیگا جبکہ اللہ کریم سے دعا ہے کہ ہم موت کے خوف اور ڈر سے وہ اقدام نہ اٹھائیں جو مزید اللہ کریم کی ناراضگی کا سبب ہوں۔اس موضوع پر ہر کوئی اپنی رائے نہ دے اس پر لب کشائی وہی کرے جو اس شعبہ کا ماہر ہو،انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے حصے کا کردار اد اکریں۔جہاں انتظامیہ کو ضرورت پڑے وہاں ہم سب بے لوث ہو کر ان کی مدد کریں کیونکہ ہم سب اس ملک کی ایک ایک اکائی ہیں۔اللہ کریم سے کثرت سے استغفار کرتے ہوئے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں۔حکومت وقت سے اپیل ہے کہ اگر خد ا نخواستہ یہ بیماری پھیلے تو پھر ہمارے محدود وسائل میں مریض کو اس کے خاندان کے حوالے کریں۔اور اس کو تمام احتیاطی تدابیر دے کر isolate کر دیا جائے۔اس سے محدود وسائل کے باوجود کافی حد تک قابو پا سکیں گے،آخر میں انہوں نے کورونا وائرس سے جو ڈر اور خوف پایا جاتا ہے اس کے لیے سور فاتحہ بطور وظیفہ بھی فرمایا کہ یہ دعا بھی ہے اور اس میں مانگنے کا سلیقہ بھی موجود ہے۔اور ملک و قوم کے لیے اجتماعی دعا بھی فرمائی۔