گجرات :قرض واپس مانگنے پر مالک کو قتل کرنے والاملازم گرفتار
گجرات (ڈیلی پاکستان آن لائن)گجرات پولیس تھانہ ٹانڈہ نے اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات کو ٹریس کرلیا۔قاتل کوئی اور نہیں مقتول کے پاس ملازمت کرنے والا نوکر قاتل نکلا۔ سفاک ملزم آلہ قتل سمیت گرفتارکرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ تھانہ ٹانڈہ کے علاقہ میں آزاد کشمیر کے رہائشی پچاس سالہ خالد محمود کو گاڑی کے اندر نامعلوم ملزمان نے سر میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا ۔ قتل کے بعد تفتیشی ٹیم نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔مشکوک افراد کی انٹیروگیشن کی گئی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کارلاتے ہوئے اندھے قتل کی اس واردات کو تین ہفتوں کے اندر ٹریس کرلیا۔ قاتل کوئی اور نہیں بلکہ مقتول کے پاس ملازمت کرنے والا نکلا۔
دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ وہ مقتول کے پاس پٹرول پمپ پر ملازمت کرتا تھا اور مقتول سے اڑھائی لاکھ روپے قرضہ بھی لے رکھا تھا، جس کی واپسی کے اسرار پر اس نے منصوبہ بندی کے تحت بذریعہ فائر اپنے مالک کو قتل کر دیا۔ ملزم کے قبضہ سے مقتول کا موبائل فون، پرس اور آلہ قتل پسٹل 30بور برآمد کر لیا گیا۔