اسرائیلی حملوں میں 28لبنانی، 50فلسطینی شہید

        اسرائیلی حملوں میں 28لبنانی، 50فلسطینی شہید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                             بیروت،غزہ،نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) اسرائیل کے تازہ حملوں میں لبنان میں 28اور غزہ میں 50 فلسطینی شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان میں اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری ہے، جنوبی لبنان میں گھر پر ہونیوالے حملے میں 2افراد شہید ہو گئے جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں مزید 28لبنانی شہید ہو گئے۔اسرائیلی فوج نے جنو بی لبنان میں البیضاح قصبے اور نباطیہ کے گاؤں کفرشوبہ میں بھی پیش قدمی کی کوشش کی جبکہ جنوبی لبنان میں یو این امن مشن کی عمارت پر راکٹ حملہ کیا جس میں اقوامِ متحدہ امن مشن کے 4اہلکار زخمی ہو گئے۔حزب اللہ کی جانب سے البیضاح میں اسرائیلی فوجیوں پر راکٹ حملہ کیا جس کے نتیجے میں اسرائیلی ٹینک تباہ ہو گیا۔میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنا ن میں ڈرو ن حملے میں ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا۔ادھرغزہ میں گزشتہ 24گھنٹوں میں نئے حملوں میں مزید 50فلسطینی مزید شہید ہو گئے،غزہ کے شمالی علاقے میں حماس کیساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار ہلاک اور افسر شدید زخمی ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ جھڑپ میں 21سا لہ اہلکار مارا گیا جس کی شناخت روئی ساسن کے نام سے ہوئی، حماس کیساتھ جھڑپ میں ایک سینئر افسر شدید زخمی بھی ہوا جس کی حالت تشویشناک ہے، ہلاک و زخمی ہونیوالے اسر ا ئیلی فوج کی کیفیر بریگیڈ کا حصہ تھے جو غزہ میں حماس کیخلاف زمینی آپریشن کر رہی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کے بقول غزہ میں بری فوج کے ملٹری آپریشن کے دوران ہونیوالی حماس کیساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونیوالے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 379ہوگئی،جبکہ اکتوبر 2023ء سے تاحال مارے گئے اسرائیلی فوجیوں کی مجموعی تعداد 800سے زائد ہوگئی ہے۔دوسری طرف نیویارک میں امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کردی۔امریکہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران پہلے بھی 3 بار جنگ بندی کی قراردادوں کو ویٹو کر چکا ہے۔سلامتی کونسل کے 10 منتخب ممالک نے غزہ جنگ بندی کی قرارداد پیش کی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا غزہ میں غیر مشروط، فوری اور مستقل جنگ بندی کی جائے۔غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی کی قرارداد کے حق میں 10 منتخب ممالک کے علاوہ 4 مستقل ممالک نے بھی ووٹ دیا تاہم امریکہ  نے قرار داد کو ویٹو کردیا۔غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد 11 بار پیش کی جاچکی ہے۔غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک تقریباً 44 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 17 ہزار 400 سے زائد بچے ہیں یوں گزشتہ ایک سال کے دوران غزہ میں ہر 30 منٹ میں ایک بچہ اسرائیلی حملوں کی زد میں آکر شہید ہوا۔

اسرائیلی حملے

مزید :

صفحہ اول -