جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس؛ علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)انسداد دہشتگردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ آئی نائن میں درج مقدمہ کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج طاہر محمود سپرا نے مقدمہ پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکلاء صفائی کی جانب سے ملزم فیصل جاوید اور واثق قیوم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصل جاوید، واثق قیوم اور راجہ خرم کے ضمانتی مچلکے منسوخ کردیئے۔
عدالت نے عدم حاضری پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی، عدالت کی بار بار طلبی کے باوجود علی امین گنڈا پور پیش نہیں ہورہے تھے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور، فیصل جاوید، راجہ خرم اور واثق قیوم کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔