اسرائیل کی غزہ میں تازہ کارروائیاں ، مزید 77فلسطینی شہید
غزہ، صنعا،تل ابیب (نیوز ایجنسیاں) اسرائیل کی غزہ میں بربریت کا سلسلہ نہ رک سکا، صیہونی فورسز کی تازہ کارروائیوں میں 77 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں سے کم از کم 25 فلسطینی شہید ہوئے ،جن میں 8افرد نصیرات پناہ گزین کیمپ کے ایک اپارٹمنٹ، 7 بچوں سمیت کم سے کم 10 افراد جبالیہ، 15فلسطینی دو سکولوں پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئے ۔ ادھر میڈیارپورٹس کے مطابق قطر اور مصر مخالف پارٹیوں کے درمیان کچھ اختلافات کو حل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور جلد ہی جنگ بندی متوقع ہے۔دوسری جانب غزہ کے حکام کا کہنا ہے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ابتک 45,000 سے زائد فلسطینی شہید اور 23 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ساحلی انکلیو کا زیادہ تر حصہ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔سربراہ اقوام متحدہ پناہ گزین ایجنسی برائے فلسطین فلپ لازارینی نے کہا ہے انروا فلسطینی عوام کی امداد جاری رکھے گی، غزہ کے معاملے پر دنیا دورائے پر کھڑی ہے، عالمی برادری کو فلسطینی سے متعلق سوال کا جواب دینا ہوگا، قابض طاقت اسرائیل مقبوضہ فلسطین میں قتل عام کا ذمہ دار ہے۔دوسری طرف یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے میں 16افراد زخمی ہوگئے ، اسرائیلی فوج نے کہا ہے وہ یمن سے لانچ کردہ ایک میزائل کو روکنے میں ناکام رہی جو تل ابیب کے قریب گرا۔یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل پر متعدد میزائل حملے کیے جن میں سے بیشتر کو وہاں کے دفاعی نظام نے روک دیا۔ا ن حملوں کے جواب میں اسرائیل نے یمن میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جن میں حوثیوں کے زیرِکنٹرول علاقوں میں بندرگاہوں اور توانائی کی پیداوار کا انفراسٹرکچر شامل ہے۔ادھر حوثی باغیوں کا کہنا ہے وہ فلسطینیوں کےساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں اور گزشتہ ہفتے انہوں نے عہد کیا تھا غزہ پر جارحیت بند اور محاصرہ ختم ہونے تک آپریشن جاری رکھا جائےگا۔9 دسمبر کو حوثیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کا بھیجا گیا ایک ڈرون وسطی اسرائیل کے شہر یاونے میں رہائشی عمارت کی اوپری منزل پر پھٹ گیا،جس میں اسرائیل کو بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔
اسرائیل حملے