بھارتی جیل میں پاکستانی قیدی قتل!
بھارتی وزیراعظم مودی نے پاکستان دشمنی کی حدود پار کر لی اور پورے ملک میں شدت پسندی کی فضا بنا دی ہے۔ متعصب جماعت بی جے پی اور اس کی ذیلی تنظیموں نے تو کشمیریوں پر حملے شروع کئے تھے کہ اب نئی اطلاع کے مطابق جیلوں میں محبوس پاکستانی قیدیوں کی جان کے خطرے بڑھ گئے یہ فضا جیلوں کے اندر بھی پہنچ گئی۔ جے پور (راجستھان) جیل میں اسیر ڈسکہ (پاکستان) کے ایک اسیر شاکر اللہ کو اینٹیں مار مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کی طرف سے سخت احتجاج کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ قتل کے مرتکب افراد کو سزا دی جائے اور بھارت میں کسی بھی جگہ اگر کوئی پاکستانی اسیر ہے تو اس کی مکمل حفاظت کی جائے۔یہ ایک افسوسناک سانحہ ہے ،جو بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کی رو سے بھی غلط اور غیر قانونی ہے۔ دہلی سرکار کو اس پر غور کر کے حفاظتی انتظامات کرنا چاہئیں اور ایسا جنون پیدا کرنے سے گریز کرنا چاہئے ورنہ ردعمل بھی ہو سکتا ہے۔