کرم: بگن میں جاری آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار برآمد
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) کرم کے علاقے بگن میں جاری آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ کرم کے علاقے بگن میں 19سے 21 جنوری تک ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سکیورٹی اداروں نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگیٹڈ کارروائیاں کیںجس دوران بڑی تعداد میں غیرقانونی ہتھیار برآمد ہوئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مقامی عمائدین اور لوگوں نے آپریشن کے دوران تعاون کیا اورمعلومات کی فراہمی کویقینی بنایا، یہ کامیابی علاقے میں دیرپا امن کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فریقین کے دستخط شدہ معاہدے کے مطابق شرپسندوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر سامان رسد لےکر آج قافلہ پاراچنار کے لئے روانہ ہوگا۔