کوکاکولا نے 34 سال بعد اپنی فلاپ ترین ڈرنک واپس مارکیٹ میں لانے کا اعلان کردیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف مشروب ساز کمپنی کوکا کولا نے 34سال قبل ’نیو کوک‘ کے نام سے ایک ڈرنک متعارف کرایا تھا جو بری طرح ناکام ہو گیا اور کمپنی کو اس کی پیداوار بند کرنی پڑی۔ اب اتنے عرصے بعد کمپنی نے ایک بار پھر یہ ڈرنک واپس مارکیٹ میں لانے کا اعلان کر دیا ہے۔ دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق کوکا کولا کی طرف سے کیے گئے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ ’نیو کوک‘ دوبارہ جمعرات کے روز مارکیٹ میں لائی جا رہی ہے جہاں یہ صارفین کو دستیاب ہو گی اور وہ ایک بار پھر اس پرانے برانڈ کا مزہ چکھ سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی کا کہنا تھا کہ ”وہ دوبارہ نیو کوک ’نیٹ فلیکس‘ کے شو ’سٹرینجر تھنگز‘ (Stranger Things)کی تکریم میں لا رہی ہے،کیونکہ اس شو کے گزشتہ سیزن میں ’نیوکوک‘ کو بھی شامل کیا گیا تھا اور جولائی میں اس شو کا تیسرا سیزن شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس شو کا آغاز بھی 1985ءکے موسم گرما میں ہوا تھا اور نیوکوک بھی اسی سال اور اسی موسم میں پہلی بار متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ شو تو کامیاب رہا اور اب نیٹ فلیکس پر بھی اس کا تیسرا سیزن آ رہا ہے تاہم کوکا کولا کا یہ مشروب مارکیٹ میں آتے ہی بری طرح پٹ گیا اور بند ہو گیا تھا۔