پنجاب میں 3مرلہ پلاٹ سکیم،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منظوری دیدی,چشتیاں میں 666پلاٹ دے کر آغاز کیا جائے گا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں 3مرلہ پلاٹ سکیم کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی جس کے تحت چشتیاں میں 3مرلہ سکیم کے تحت 666پلاٹ دے کر سکیم کا آغاز کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے اپنی چھت…… اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے پہلے 5 گھروں میں فرنیچر اوردیگر سامان کا تحفہ پیش کرنے کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں اپنی چھت ……اپناگھر پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب میں اپنی چھت…… اپناگھر پراجیکٹ کے تحت 927درخواست دہندگان کو قرض کی پہلی قسط کی ادائیگی مکمل کر لی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے دوسری قسط کی ادائیگی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اپنی چھت ……اپناگھر پروگرام کے تحت800سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ 50ہزار درخواست دہندگان کا ڈیٹا تصدیق کیلئے اخوت کو ٹرانسفر کیا گیا جس میں 38ہزار کی تصدیق مکمل کر لی گئی۔ اپنی چھت ……اپناگھر پروگرام کے تحت20900درخواست دہندگان نے مطلوبہ دستاویزات جمع کروادیں اور8424کے کاغذات مکمل جھان بین کر لی گئی۔ اپنی چھت ……اپناگھر پروگرام کے پورٹل کے رجسٹرڈ یوزر کی تعداد 6لاکھ سے بڑھ گئی ہے اور پورٹل پرگھروں کیلئے سواتین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025تک47ہزار گھر اوراگلے دسمبر تک1لاکھ گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ مکمل کرلیا جائیگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نواز نے اپنی چھت اپناگھر پراجیکٹ کو تیز ترکرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اپنی چھت ہر عام آدمی کا خواب ہے،ضرورپورا کریں گے۔ نعروں اوردعوؤں پر یقین نہیں رکھتے،اپنی چھت مہیا کرنے کے وعدے کو ضرور نبھائیں گے۔