رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہ کی پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات
راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہ جنرل تان سری داتو سری محمد اصغر خان بن گوریمان خان نے ایئر ہیڈ کوارٹرز میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، فوجی تعاون، مشترکہ تربیت اور صنعتی شعبے میں تعاون پر غور کیا گیا۔
رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہ جنرل تان سری داتو سری محمد اصغر خان بن گوریمان خان کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ ان کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط دوطرفہ دفاعی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہ کے پہلے دورہ پاکستان پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تربیت، مشترکہ مشقوں اور ٹیکنالوجی کے اشتراک میں تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ائیر چیف نے مشترکہ تربیتی اقدامات کے ذریعے خاص طور پر فضائی طاقت کے دائرے میں دونوں فضائی افواج کے درمیان فوجی شراکت داری کو بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ ان اقدامات میں ملائیشیا کی فضائیہ کے اہلکاروں کے لیے بنیادی اور حکمت عملی دونوں سطح کی تربیت کی فراہمی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رائل ملائیشین ائیر فورس کے سربراہ نے ملکی اور تکنیکی ترقی کے ذریعے پاک فضائیہ کی کامیابیوں کو سراہا۔ دورے پر آئے ہوئے معزز مہمان نے تربیت، دیکھ بھال اور آپریشنل عمدگی میں بہتر تعاون کے ذریعے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اپنی شدید خواہش کا اظہار کیا۔ جنرل تان سری داتو سری محمد اصغر خان بن گوریمان خان نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک سلیکون کے دورے کے دوران جدید ترین تکنیکی ماحولیاتی نظام کے لیے تعریف کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاری بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے دوران پی اے ایف این اے ایس ٹی پی پویلین میں دکھائے گئے جدید منصوبوں، جدید ٹیکنالوجیز اور مقامی طور پر تیار کردہ سسٹمز کو بھی سراہا۔ بعد ازاں معزز مہمان نے ایئر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں قائم مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا دورہ کیا جن میں نیشنل آئی ایس آر اور انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ شامل ہیں، جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ اور رائل ملائیشین ایئر فورس کے سربراہ کے درمیان ملاقات دونوں ممالک کے درمیان فوجی شراکت داری، تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے پختہ عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔