خیبرپختونخوا ‘ انڈر16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اکتوبر میں شروع کرنیکا فیصلہ

خیبرپختونخوا ‘ انڈر16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اکتوبر میں شروع کرنیکا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(آئی این پی ) محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام صوبہ بھر سے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے انڈر16کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اکتوبر کے آخر میں شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے جس میں ابتدائی طور پر کرکٹ ، والی بال اوربیڈمنٹن کھیل کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں پہلی بار خواتین کیلئے بیڈمنٹن کو شامل کیا گیا ہے جس میں خواتین کو تربیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس بات کی منظوری سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اجلاس میں باقاعدہ طور پردیدی گئی ہے ۔ محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیراہتمام اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں بین الاقوامی سطح کے کوچز اور کھلاڑیوں کی نگرانی میں صوبہ کے ہر ڈویژنل ہیڈکوآرٹر میں اوپن ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا ۔ ابتدائی کیمپس کے بعد ڈویژنل ٹیمیں منتخب کی جائینگی جن کے مابین لیگ مقابلے کروائے جائینگے جس کے اگلے مرحلے میں 20سے 25 کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا جن کو ایک مہینے تک مزید تربیت دی جائے گی۔
اس کے بعد ان منتخب کھلاڑیوں کو پورے ملک کا دورہ کروایا جائے گا ۔ اور اس دوران ان کھلاڑیوں کی تعلیم اور دیگر اخراجات کیساتھ ساتھ ان کھلاڑیوں کو ماہوار وظیفہ بھی دیا جائے گا ۔محکمہ کھیل کے ذرائع کے مطابق صوبہ میں والی بال کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے والی بال میں کھلاڑیوں نے دنیا میں نام روشن کیا ہے تاہم ٹیلنٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلی بار والی بال کو شامل کیا گیا ہے جبکہ خواتین کو کھیلوں کے میدانوں میں سپورٹ کرنے اور ان کو آگے لانے کیلئے بیڈمنٹن کھیل کو بھی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کیا ہے جس سے صوبہ میں انڈر16کھلاڑیوں کو سامنے لانے اور پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا مقصد گراس روٹ کی سطح پر کھلاڑیوں کو تربیت دینا اور سامنے لانا ہے جو کہ بین الاقوامی کوچز اور کھلاڑیوں کی زیرنگرانی تربیت حاصل کرکے دنیا میں نام روشن کر سکیں گے۔