مدت پوری ہونے کے بعد بھی پارلیمنٹ لاجز خالی نہ کرنیوالے سینیٹرز کے نام سامنے آگئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مدت پوری ہونے کے بعد بھی پارلیمنٹ لاجز خالی نہ کرنیوالے تینوں سینیٹرز کے نام سامنے آگئے ہیں۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں مقیم 3سابق سنیٹرز کو پارلیمنٹ لاج خالی کرنے کے نوٹس جاری کئے ہیں۔ سی ڈی اے نے پاکستان تحریک انصاف اور آزاد سنیٹرز کو لاجز خالی کرنے کا نوٹس جاری کردیئے ہیں، تینوں سنیٹرز رواں سال مارچ میں 6 سال مکمل ہونے پر ریٹائر ہوئے تھے جن میں فدا محمد خان کا تعلق پی ٹی آئی جبکہ دلاور خان اور مرزا محمد آفریدی آزاد رکن تھے،سینٹ کی رکنیت کھونے کے بعد تینوں سنیٹرز پارلیمنٹ لاجز کی رہائش گاہ کی الاٹمنٹ کی اہلیت کھوچکے ہیں لیکن ابھی تک انہوں نے سر کاری اقامت گا ہیں خالی نہیں کیں۔سابق سنیٹر مرزا محمد آفریدی فیملی سوٹ نمبرH.OO1، فدا محمد فیملی سوٹ نمبر J.011 جبکہ دلاور خان فیملی سوٹ نمبر H.110میں مقیم ہیں،ڈپٹی ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز ارشد آفریدی نے تینوں سابق سنیٹرز کو اقامت گاہیں خالی کرنے کے باضابطہ الگ ا لگ نو ٹس جاری کر دیےہیں،نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 12دن کے اندر یہ فیملی سوٹس خالی کئے جائیں، اپنے واجبات بھی کلیئر کریں اور فیملی سوٹ ہینڈ اوور کریں بصورت دیگر کیس سی ڈی اے مجسٹریٹ کو بھیج دیا جائے گا۔