پاکپتن پولیس کے سب انسپکٹر کی خاتون کیساتھ نازیبا ویڈیو وائرل ہونے کا معاملہ، پولیس ترجمان کا بیان بھی آگیا

پاکپتن(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکپتن پولیس کے ایک سب انسپکٹر کو لڑکی کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنانا مہنگا پڑ گیا، اس کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی۔ نجی ٹی وی 24نیوز کے مطابق اس سب انسپکٹر کی شناخت احسان احمد کے نام سے ہوئی ہے، جس نے پولیس یونیفارم میں ایک لڑکی کے ساتھ نازیبا انداز میں ویڈیو بنا کر اپنے ٹک ٹاک اکائونٹ پر پوسٹ کی۔
ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی او پاکپتن نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو اس کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔ دوسری طرف پاکپتن پولیس کے ایک ترجمان کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ویڈیو میں سب انسپکٹر کے ساتھ نظر آنے والی لڑکی اس کی دوسری بیوی ہے۔
اگرچہ یہ ویڈیو خود سب انسپکٹر احسان احمد کے ٹک ٹاک اکائونٹ پر پوسٹ کی گئی تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ دو روز قبل احسان احمد کا موبائل فون ہیک ہو گیا تھا اور ہیکرز نے اس کے فون میں موجود ویڈیو وائرل کر دی۔