شہداء کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب
رحیم یار خان(ڈیلی پاکستان آن لائن) ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران شیخ نے کہا ہے کہ شہدا کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔
رحیم یار خان کے شیخ زید ہسپتال میں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان شیخ زخمی پولیس اہلکاروں عیادت کیلئے پہنچے، ان کے ہمراہ آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید کمشنر خرم پرویز اور ضلعی پولیس انتظامیہ کے افسران بھی تھے۔ایڈیشنل آئی جی نے ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس جوانوں کی عیادت کی ان کی حوصلہ افزائی کو سرہاتے ہوئے زخمیوں کے ساتھ آنے والے ان کے اہل خانہ کو بھی تسلی دی۔
ایڈیشنل آئی جی کامران خان شیخ نے ایمرجنسی وارڈ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک شہدا کی تعداد 12 ہو چکی ہے اور 10 کے قریب زخمی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی او رحیم یار خان عمران ملک پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شر اور کوش قبیلے کے ڈاکوؤں کی طرف سے حملہ ہوا ہے، ہم اپنے پولیس جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور کچے میں آخری ڈاکو کی ہلاکت تک اپریشن جاری رکھا جائے گا۔