سٹی ٹریفک پولیس کی رواں سال میں 5لاکھ گاڑیوں کیخلاف کارروائی

سٹی ٹریفک پولیس کی رواں سال میں 5لاکھ گاڑیوں کیخلاف کارروائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( لیاقت کھرل) رواں سال کے دوران سٹی ٹریفک پولیس نے 50 لاکھ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی۔ 20 لاکھ گاڑیوں کے چالان اور 72 ہزار ویلروں جبکہ 51 ہزار کم عمر ڈرائیوروں کے چالان کئے گئے۔ ’’روز نامہ پاکستان‘‘ کو سٹی ٹریفک پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں سال میں سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین سے مسلسل آگاہی کے باوجود خلاف ورزی عروج پر رہی ہے جس میں سٹی ٹریفک پولیس کو شہر کی 50 اہم شاہراؤں اور سڑکوں سمیت چوراہوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنا پڑا جبکہ شہر کی اہم شاہراؤں اور سڑکوں سمیت دیگر مقامات پر ٹریفک کی خلاف ورزی بھی عروج پر رہی، جس پر سٹی ٹریفک پولیس نے رواں سال کے دوران 50 لاکھ سے زائد گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی ہے جس میں 20 لاکھ گاڑیوں کے چالان کئے گئے ہیں اور 72 ہزار ویلروں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ 50 ہزار سے زائد کم عمر ڈرائیوروں کے چالان کئے گئے ہیں۔2 لاکھ موٹر سائیکل سواروں کے ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کئے گئے۔ سٹی ٹریفک پولیس کے سربراہ ایس ایس پی رائے اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران تجاوزات کے خلاف سب سے زیادہ آپریشن کیا گیا۔ جس میں ہزاروں ریڑھی بانوں، ٹھیلہ چلانے والے اور دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر ون ویلروں اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
تاہم ٹریفک کے حوالے سے سال بھر آگاہی مہم چلانے سے گزشتہ سال کی نسبت خلاف ورزی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس میں ایل ڈی اے ، سٹی گورنمنٹ اور مقامی پولیس کے تعاون کرنے سے حادثات کی شرح میں مزید کمی آ سکتی ہے۔

مزید :

علاقائی -