انسانی زندگی بچانے والی جدید ٹارنیکیٹ سٹی پٹرولنگ فورس کے حوالے

انسانی زندگی بچانے والی جدید ٹارنیکیٹ سٹی پٹرولنگ فورس کے حوالے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(کرائمز رپورٹر) کپیٹل سٹی پولیس نے حادثوں کی صورت میں انسانی زندگی بچانے والی جدید ٹارنیکیٹ سٹی پٹرولنگ فورس کے حوالہ کر دیں، جدید ٹارنیکیٹ کی مدد سے شدید زخمیوں کو 6 گھنٹوں تک بغیر علاج کے بچایا جا سکتاہے، ٹارنیکیٹ حوالگی کی تقریب گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن میں ہوئی جس میں سی سی پی او محمد علی گنڈا پور، ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی، ڈائریکٹر ایل آر ایچ ڈاکٹر خالد مسعود، ایس پی ہیڈ کوارٹرز خان خیل خان اور ڈی ایس پی سٹی پٹرولنگ عثمان خان سمیت دیگر پولیس افسران اور ڈاکٹرز نے شرکت کی، اس موقع پر سی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں جدت لاتے ہوئے اصلاحات کا عمل جاری ہے جس کا مقصد پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کے جان و مال کا محافظ اور خادم بنانا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سٹی پٹرولنگ فورس فرسٹ رسپانڈرز کا کردار ادا کرتے ہوئے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 4 تا 5 منٹ کے دورانیہ میں پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیتے ہیں جس سے ان کی اہمیت و افادیت واضح ہوتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سٹی پٹرولنگ جوانوں کو ایل آر ایچ انتظامیہ کی جانب سے طبی امداد کی فراہمی کی تربیت دینے کے بعد جدید ٹارنیکیٹ فراہم کر دئیے گئے ہیں جن سے شدید زخمی ہونے والے افراد کو مرنے سے بچایا جا سکے گا، سی سی پی او نے واضح کیا کہ طبی امدادکی تربیت اور جدید ٹارنیکیٹ کا مقصد ماڈرن پولیسنگ کے تصور کو عملی جامہ پہنانا ہے، انہوں نے تربیت دینے سمیت ٹارنیکیٹ کی فراہمی پرایل آر ایچ ہسپتال انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا اس موقع پر ایل آر ایچ ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود نے کہا کہ کسی بھی حادثہ کی صورت میں ابتدائی بیس تیس منٹ نہایت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جن کے دوران حادثے کے شکار افراد کو طبی اصولوں کے عین مطابق ہسپتال پہنچا کر قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹارنیکیٹ کی مدد سے حادثہ کی صورت میں شدید زخمی ہونے والے افراد کے خون کے بہاو کو روک کر ان کو بچایا جا سکتا ہے،انہوں نے مستقبل میں جوائنٹ ونچر پروگرام کے تحت پولیس جوانوں کو تربیت دینے کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا