چلتی ٹرین میں آتشزدگی کی افواہ پر مسافروں کی چھلانگیں، درجن بھر افراد دوسری ٹرین کی زد میں آکر جان گنوا بیٹھے
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک چلتی ٹرین میں آگ کی افواہ کے بعد آتشزدگی سے بچنے کی خاطر چھلانگ لگانے والے مسافر دوسری ٹرین کی زد میں آگئے۔، یہ حادثہ ممبئی سے 400 کلومیٹر دور پاچورا کے علاقے میں پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے علاقے جالگاؤں میں ایک ٹرین میں آگ کی افواہ نے مسافروں میں ہلچل مچادی۔
اس افواہ کو سنتے ہی مسافروں کو اپنی جان کا خطرہ پیدا ہوا جس کے نتیجے میں انہوں نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی۔
لکھنؤ سے ممبئی جانے والی پشپک ایکسپریس شام 5 بجے کے قریب کسی نے چین کھینچ دی، ریلوے حکام کے مطابق چین کھینچنے کی وجہ ٹرین میں آگ کی افواہ تھی۔ اس دوران مسافروں نے ٹرین سے چھلانگ لگادی تاہم پاس سے گزرنے والی کرناٹک ایکسپریس جو بنگلورو سے دہلی جا رہی تھی، کی زد میں آگئے۔
ریلوے کے ایک سینئر افسر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’’ابتدائی معلومات کے مطابق، پشپک ایکسپریس کے ایک ڈبے میں ’ہاٹ ایکسل‘ یا ’بریک بائنڈنگ‘ کی وجہ سے چنگاریاں پیدا ہوئیں، جس سے مسافروں میں خوف پیدا ہوا۔ مسافروں نے چین کھینچ دی اور کچھ نے پٹریوں پر چھلانگ لگادی۔ اسی دوران کرناٹک ایکسپریس پٹری کے دوسرے ٹریک سے گزر رہی تھی۔‘‘