پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ہمیں اتحاد اور محنت سے آگے بڑھنا ہوگا:وزیر معدنیات شیر علی گورچانی

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر معدنیات پنجاب شیر علی گورچانی نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 23 مارچ 1940 کا دن ہماری آزادی کی بنیاد بنا اور قراردادِ پاکستان نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیٰحدہ وطن کی راہ ہموار کی۔ یومِ پاکستان ہمیں قومی یکجہتی، قربانیوں اور عزم کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ہمیں اتحاد اور محنت سے آگے بڑھنا ہوگا۔ یومِ پاکستان تجدیدِ عہد کا دن ہے، جو ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کی قدر کرنے اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ ایک مضبوط، خوشحال اور خودمختار پاکستان ہی ہمارے شہداء کی قربانیوں کا اصل ثمر ہے۔ ہمیں ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے اور اپنے ملک کی ترقی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنا ہوگا۔