نفیسہ شاہ نے بھی بزرگ سیاستدانوں سے متعلق بلاول کی رائے سے اختلاف کر دیا
خیر پور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سابق صدر آصف علی زرداری کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینئر رہنما نفیسہ شاہ نے بھی بزرگ سیاست دانوں سے متعلق پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی رائے سے اختلاف کر دیا ۔ خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ نئے اور پرانے سیاست دانوں کا امتزاج ہونا چاہیے، سیاست میں پرانوں کا تجربہ اور ان کا سایہ ہونا چاہیے۔ عمر چاہے جتنی بھی ہو لیکن وہ سیاست دان عوام میں مقبول ہیں، پیپلز پارٹی انتخابات میں بہترین امیدوار سامنے لائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری "جیو نیوز" کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ کے میزبان حامد میر کو خصوصی انٹرویو میں عمر رسیدہ قیادت کو گھر بٹھانے کے بیانیے کو شٹ اپ کال دے چکے ہیں ۔