شجاع آباد ریلوے اسٹیشن پر آن لائن ریزرویشن کی منظوری
شجاع آباد(سٹی رپورٹر)شجاع آباد اور جلال پور پیروالا کی 16 لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کیلئے شجاع آبادریلوے اسٹیشن پر عوامی سہولت کے لیے ملک گیر آن لائن ریزرویشن کی منظوری دے دی گئی ہے، جس پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسٹیشن(بقیہ نمبر67صفحہ7پر)
پر ریزرویشن کے لیے درکار تمام سامان پہنچا دیا گیا ہے، اور چند دنوں میں یہ نظام مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ اس سے شہریوں کو ٹکٹ بکنگ کے لیے دیگر شہروں کا سفر کرنے کی زحمت سے نجات ملے گی، مسافروں کی رہنمائی کے لیے 17 ہیلپ لائنز قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ جس سے مسافر ٹرینوں کے اوقات، بکنگ، اور دیگر سہولیات کے بارے میں فوری معلومات حاصل کر سکیں گے۔ اس اقدام کو عوام نے خوش آئند قرار دیا ہے، جو ریلوے خدمات کی بہتری کی جانب اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشن کے ماحول کو صاف ستھرا اور خوشگوار بنانے کے لیے صفائی کے عملے کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ عملے کو جدید مشینری اور صفائی کا معیاری سامان فراہم کیا گیا ہے تاکہ اسٹیشن پر موجود مسافروں کو ایک بہتر اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔دوسری جانب شجاع آباد اور جلالپور پیر والہ کے 15 لاکھ سے زائد شہریوں نے حکومت سے لاہور جانے والی تیزگام اور فیصل آباد جانے والی پاکستان ایکسپریس کے سٹاپ کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ ان گاڑیوں کے سٹاپ سے نہ صرف مقامی مسافروں کی سفری مشکلات کم ہوں گی بلکہ علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔