شہری ترقی، خوشحالی کیلئے حکومت کا ساتھ دیں، عون حمید ڈوگر
خان گڑھ (نامہ نگار)ڈوگر گروپ کے سربراہ حلقہ پی پی 271 سے مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی سردار محمد عون حمید ڈوگر نے 24 نومبر کو تحریک انصاف کی جانب سے (بقیہ نمبر56صفحہ7پر)
احتجاجی کال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت معاشی اور انتظامی چیلنجز سے گزر رہا ہے، اور ایسے حالات میں احتجاجی سیاست عوام کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اولین ترجیح دی ہے اور ملکی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے سردار محمد عون حمید ڈوگر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتجاج اور انتشار کی سیاست کو رد کریں اور ترقی و خوشحالی کے سفر میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی سیاست صرف وقت اور وسائل کا ضیاع ہے اور اس کا مقصد عوام کی خدمت نہیں بلکہ ذاتی مفادات کی تکمیل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت معیشت کو مضبوط کرنے، بیروزگاری کے خاتمے اور مہنگائی کم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جن کے مثبت نتائج عوام کے سامنے آرہے ہیں سردار محمد عون حمید ڈوگر نے عوام پر زور دیا کہ وہ غیر ضروری احتجاج میں وقت ضائع کرنے کے بجائے حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کی خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔