گندم اگاؤ مہم،کاشتکاروں کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان
ملتان(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک، سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت کمشنر آفس ساہیوال میں گندم کی کاشت کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے خصوصی شرکت کی، جبکہ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی سمیت پاکپتن اور اوکاڑہ کے ڈپٹی کمشنرز (بقیہ نمبر39صفحہ7پر)
آن لائن شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرلز زراعت عبدالحمید اور نوید عصمت کاہلوں بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور زرعی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ ان کی خصوصی ہدایت پر گندم کے کاشتکاروں کے لئے ایک تاریخی انعامی پیکج متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت زیادہ رقبہ پر گندم کاشت کرنے والے کسانوں کو اربوں روپے مالیت کے انعامات بذریعہ قرعہ اندازی دیے جائیں گے۔ اس پیکج میں 1000 ٹریکٹرز اور 1000 لیزر لینڈ لیولرز کی مفت فراہمی بھی شامل ہے۔وزیر زراعت نے مزید کہا کہ صوبہ کے ہر ضلع میں گندم کی کاشت کے ہدف کا حصول ہر ممکن وسائل و ذرائع سے ممکن بنایا جائے۔ ساہیوال ڈویژن کے لیے 9 لاکھ 20 ہزار ایکڑ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے 7 لاکھ 30 ہزار ایکڑ پر گندم کی کاشت کا کام پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کا 400 ارب روپے کا کسان پیکج کاشتکاروں کی خوشحالی اور زرعی ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے چھوٹے کاشتکاروں کے لئے "کسان کارڈ" کا اجرا بھی کیا ہے، جس کے تحت رجسٹرڈ ڈیلرز سے بلاسود زرعی قرضہ اسکیم کے تحت کھاد، بیج اور زرعی ادویات مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔ اب تک کسان کارڈ کے ذریعے صوبہ بھر میں 23 ارب روپے سے زائد کی خریداری کی جا چکی ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب، افتخار علی سہو، نے اس موقع پر کہا کہ گندم کی کاشت کا ماہِ نومبر نہایت اہم ہے، اور اس سلسلے میں محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کی رہنمائی میں مزید تیزی لائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی اور صوبائی سطح پر گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے، جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کسانوں کو نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔اجلاس کے بعد وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے ساہیوال میں زیرِ تعمیر ماڈل ایگریکلچر مال کا دورہ بھی کیا۔ اس دورے میں سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، اور ڈپٹی کمشنر صائمہ علی اور ڈائریکٹر جنرلز زراعت عبدالحمید اور نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر وزیر زراعت نے تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبہ پنجاب میں اس وقت چار ماڈل ایگریکلچر مالز زیر تعمیر ہیں جو زراعت کی ترقی اور کسانوں کی سہولت کے لیے اہم قدم ثابت ہوں گے۔