امریکہ تمام یکطرفہ ٹیرف اقدامات مکمل ختم اور اختلافات کو حل کرنے کا راستہ تلاش کرے: چین

بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چین نے ٹیرف معاملے پر امریکہ کو بات چیت کے ذریعے حل تلاش کرنے کا مشورہ دیدیا۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ترجمان چینی وزارت خارجہ کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکہ کو چین کے خلاف تمام یکطرفہ ٹیرف اقدامات مکمل طور پر ختم اور مساوی بات چیت کے ذریعے اختلافات کو حل کرنے کا راستہ تلاش کرنا چاہئے۔
ترجمان چینی وزارت خزانہ نے کہا کہ یکطرفہ ٹیرف میں اضافہ امریکہ نے شروع کیا، اگر وہ واقعی مسئلہ حل کرنا چاہتا ہے تو بین الاقوامی برادری اور ملکی سٹیک ہولڈرز کی بات پر دھیان دیں۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے امریکی اور چینی حکام کے درمیان روزانہ بات چیت کے بیان کی تردید کی اور کہاکہ ٹیرف کے معاملے پر امریکہ سے مذاکرات نہیں کئے۔
واضح رہے گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ چین پر منحصر ہے کہ ٹیرف کتنی جلدی کم ہوسکتے ہیں، اگلے دو تین ہفتوں میں چین کے لئے ٹیرف طے کریں گے، چین پر عائد ٹیرف میں کمی کا انحصار چینی قیادت کے عمل پر ہو گا۔