بلڈرز کیلئے بری خبر،سندھ میں نئی تعمیرات پر پابندی لگ گئی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)نگران حکومت سندھ نے صوبے میں نئی تعمیرات پر پابندی عائد کردی۔نگران وزیر برائے بلدیات مبین جمانی کی ہدایت پر محکمہ بلدیات نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام قسم کی عمارتوں، گھروں اور کمرشل پلازوں کے نقشوں، ہر قسم کے بلڈنگ پلان، لے آؤٹ پلان اور پلاٹوں کے انضمام پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پابندی کا اطلاق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور تمام ڈیولپمنٹ اتھارٹیز پر ہوگا، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں پابندی کا اطلاق حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ پر بھی ہوگا۔
محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعمیرات اور نقشوں اور لے آؤٹ پلان کی منظوری پر پابندی تاحکم ثانی برقرار رہے گی۔
حکومت کی جانب سے ہر قسم کے تعمیراتی نقشے اور لے آؤٹ پلان پر پابندی کا حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔