راولپنڈی: عمران خان سے اڈیالہ جیل میں اہلیہ اور وکلا ء کی ملاقات
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وکلاء کی ٹیم نے ملاقات کی ہے۔
"ڈان نیوز "کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی خیبرپختونخوا حکومت کے سرکاری پروٹوکول میں اڈیالہ جیل پہنچیں، ان کی سیکیورٹی پر 12 سرکاری اہلکار تعینات تھے جبکہ 2 بلٹ پروف گاڑیاں بھی سرکاری پروٹوکول میں شامل تھیں۔
بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد جیل سے روانہ ہوگئیں جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، سابق صدر سپریم کورٹ بار قاضی انور، وکلاعلی بخاری اور علی اعجاز بٹر اور فیصل چودھری نے بھی اڈیالہ جیل پہنچ کر عمران خان سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے پہلے دور میں پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم نے عمران خان سے ملاقات کرانے کا مطالبہ کیاتھا۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی کا عمران خان سے ملنا بہت ضروری ہے، ہماری جماعت کی خواہش ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی پر سختیوں کو کم کرے تاکہ کمیٹی اپنے قائد کو مل سکے تاکہ کوئی معنی خیز نتیجہ نکلے۔